میسورو،10؍اگست (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ منتخب کئے جانے کے بعد پہلی مرتبہ بسوراج بومئی بروز پیر صبح11بجے میسور پہنچے۔ انہوں نے چامنڈی پہاڑ پرواقع چامنڈی دیوی کے مندر پہنچ کر چامن ڈیشوری دیوی کے درشن کئے اور پوجاکی۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ریاستی وزراء ا یس ٹی سوم شیکھر، بائرتی بسوراج، وی سومنا، مرگیش نیرانی، ڈاکٹر کے سدھاکر، منی رتنا، کے گوپالیا اور دوسرے موجود تھے۔ چامنڈی پہاڑ پہنچنے پربسوراج بومئی کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ مندر کے چیف پجاری ڈاکٹر این ششی شیکھر نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا اور انہیں مندر کے اندر لے گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ اور دیگر وزراء کی شال اور گلپوشی کی گئی۔ اراکین اسمبلی جی ٹی دیوے گوڈا، ایل ناگیندرا، بی ہرش وردھن،ا یم پی رینوکاچاریہ، بی جے پی کے قائدین آر رگھو، سدالنگا سوامی، ایل آر مہادیو سوامی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پھر بومئی نے میسور ضلع پنچایت میں واقع دیوراج ارس ہال میں میسور ضلع میں کورونا معاملات کو لیکر جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی اور تفصیلات حاصل کیں۔اس اہم میٹنگ کی صدارت وزیراعلیٰ نے کی۔ میسور ضلع میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدامات پر تفصیل سے بحث کی گئی۔ اس اہم میٹنگ میں ریاستی وزراء ا یس ٹی سوم شیکھر، بائرتی سریش، وی سومنا، مرگیش نیرانی، منی رتنا، ڈاکٹر کے سدھاکر، کے گوپالیا، اراکین اسمبلی تنویر سیٹھ، جی ٹی دیوے گوڈا،ا یل ناگیندرا، بی ہرش وردھن، ایم ایل سیز مری تبے گوڈا اور کے ٹی سری کنٹیاکے علاوہ میسور ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بگادی گوتم، کارگزار مئیر انور بیگ، میسور کے پولیس کمشنر ڈاکٹر چندرگپتا موجود تھے، میٹنگ بند کمرے میں منعقدہ کی گئی اور صحافیوں کو بھی اندرداخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جب اس میٹنگ میں شرکت کرنے وزیر اعلیٰ ضلع پنچایت پہنچے، تو محکمہ پولیس کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔